مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ جزوی طور پر تسلیم کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن

114
armed organizations

اسلام آباد:جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ جزوی طور پر قبول کرتے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بارے میں فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر حتمی رائے آئینی اور قانونی ماہرین ہی دے سکتے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام اسے جزوی طور پر تسلیم کرتی ہے اور اس فیصلے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے ساتھ خیر سگالی کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ فیصلہ دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے پیشرفت کی طرف مفید اور تحفظات کو دور کرنے کے لیے مذاکرات کا ماحول تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جہاں تک نظرثانی اپیل کا تعلق ہے تو جمعیت علمائے اسلام بطور جماعت اپیل دائر نہیں کرے گی، تاہم جے یو آئی  کے وہ بعض افراد جو اس فیصلے سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں انہیں انفرادی طور پراپیل کے حق کا استعمال  کرنے سے نہیں روک سکیں گے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ یہ ان کا حق ہوگا لیکن بطور جماعت ہم اپیل نہیں کریں گے۔