پاکستان بار: آئی ایس آئی کو فون ٹیپ کی اجازت کا نوٹیفکیشن چیلنج

114

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان بار کونسل نے آئی ایس آئی کو شہریوں کے فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کی منظوری کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ پاکستان بار کونسل کے 6 ممبران نے اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں سیکرٹری آئی ٹی، سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ اور پی ٹی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ ٹیلی کمیونی کیشن ایکٹ کی سیکشن 54 کے تحت جاری کردہ نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، فیئر ٹرائل ایکٹ 2013 میں اس حوالے سے مکمل میکنزم دیا گیا، خفیہ ادارے کو فون ٹیپنگ کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جب تک کیس زیر التوا ہے تب تک نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔ درخواست دائر کرنے والوں میں پاکستان بار کونسل کے ممبران شفقت محمود چوہان، عابد زبیری، چودھری اشتیاق، منیر احمد کاکڑ، طاہر فراز عباسی اور عابد ساقی شامل ہیں۔