لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافے کے وسائل اور ماحول پر اثرات کو سمجھنا ہوگا ، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے آبادی کی شرح برقرار رکھنا ضروری ہے، ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے۔آبادی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے وسائل اور ماحول پر اثرات کو سمجھنا ہوگا، آ بادی اور وسائل کے درمیان توازن کو برقرار رکھنا خوشحالی کی دلیل ہے ۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے، آبادی کا انتظام صرف حکومت ہی کی نہیں بلکہ معاشرتی ذمہ داری بھی ہے، پائیدار ترقی کی شرح موثر پاپولیشن ویلفیئر سے منسلک ہے، معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے میں پاپولیشن ویلفیئر اہم عنصرہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل اور انفراسٹرکچر پاپولیشن کا بڑھتا ہوادبا ئوبرداشت نہیں کرسکتا، آبادی میں اضافہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات پر برے اثرات کا سبب بن رہا ہے، پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری ہر گھرانے کا درست ڈیٹا ریکارڈ کرنے کی کاوش ہے۔واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں یوم آبادی منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا آغاز سنہ 1989 سے اقوام متحدہ کی جانب سے کیا گیا جس کا مقصد دنیا میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے متعلق مسائل کے حوالے سے شعور پیدا کرنا تھا۔