وزیر داخلہ کی کراچی آمد، بوہرہ جماعت کے سربراہ سے ملاقات

56
کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دائودی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے مصافحہ کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے اپنے دورہ کراچی کے دوران دائودی بوہرہ جماعت کے سربراہ سے ملاقات کی، دریں اثنا انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، وزیرداخلہ نے سولجر بازار میں شاہ شہیداں امام بارگاہ میں انتظامات اور سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا۔ وزیرداخلہ نے مولانا عقیل الغروی اور سابق نگراں وزیر اعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے بھی ملاقات کی۔ مولانا عقیل الغروی اور مقبول باقر نے امن عامہ کے بہترین انتظامات پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برہانی محل اور شاہ شہیداںامام بارگاہ کا دورہ کیا۔ برہانی محل میں وزیر داخلہ نے دائودی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین اور ان کے صاحبزادے شاہ زادہ حسین برہان الدین سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے سیدنا مفضل سیف الدین کیلیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان آمد پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ کی آمد ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ اس موقع پر سیدنا مفضل سیف الدین نے دائودی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور خوبصورت چادر اور تبرکات کا تحفہ دیا۔