بھارت نے زمبابوے کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی

240

ہرارے(اسپورٹس ڈیسک):بھارتی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 23 رنز سے شکست دے کر سیریز میں2-1کی برتری حاصل کرلی، بھارت کے 183رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان زمبابوے 6وکٹوں کے نقصان پر 159رنز بنا پائی، بھارتی کپتان شبمن گل نے 66 رنز کی بہترین اننگز کھیلی ، واشنگٹن سندر کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بدھ کے روز ہرارے میں کھیلے گئے 5 میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنائے، اوپننگ جوڑی یشاسوی جیسوال اور کپتان شبمن گل نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں67رنز بنائے، شبمن گل 49 گیندوں پر 66رنز اور جیسوال 36 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ رتوراج گائیکواڈ نے 28 گیندوں پر 49رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں ابھیشیک شرما 10 اور سنجو سیمسن 12 رنز بنائے۔ زمبابوین بولر زبلیسنگ موزارابانی اور سکندر رضا نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بنا سکی، میزبان ٹیم اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی جب اس کی ابتدائی 5 وکٹیں 39 کے مجموعی ا سکور پر ہی گر گئیں۔ اس موقع پر ڈیون میئرز نے کلائیو مداندے کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 116 کے مجموعی اسکور پر مداندے 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ ڈیون میئرز نے ایک اینڈ پر وکٹ کو سنبھالے رکھا جبکہ دوسری طرف زمبابوے کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اننگز کے اختتام پر ڈیون میئرز 49 گیندوں پر 65 رنز اور ولینگٹن مساکڈزا 18 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت کی طرف سے واشنگٹن سندر نے 15 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ اویش خان نے2 اور خلیل احمد نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح بھارت نے میچ میں 23 رنز سے فتح حاصل کرکے 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل کرلی ۔