بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائیگی، چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

193

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بھارتی میڈیا نے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے میچز کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا میزبان پاکستان ہے اور چیمئنز ٹرافی فروری، مارچ میں شیڈول ہے۔پاکستان نے آئی سی سی کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول بھی شیئر کر دیا ہے جس کے مطابق بھارت کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں رکھے گئے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ یکم مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں رکھا گیا ہے تاہم بی سی بی آئی کی جانب سے تاحال بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے کے حوالے سے کسی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔آخری مرتبہ چیمپئنز ٹرافی 2017 میں لندن اور ویلز میںکھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے بھارت کو شکست کر اپنے نام کی تھی۔تاہم اب بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں آئے گی ۔اور چیمپئنز ٹرافی کے کچھ میچز ہائبرڈ ماڈل پر متحدہ عرب امارات یا پھر سری لنکا میں ہوں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے، چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر کام ہو رہا ہے اور ہو سکتا ہے کہ ایشیا کپ کی طرح بھارت اپنے میچز سری لنکا یا پھر متحدہ عرب امارات میں کھیلے۔دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے اور ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی کھیلا جائے گا، سری لنکا میں رواں ماہ کے آخر میں ہونے والی آئی سی سی کی میٹنگ میں بھی اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2013 سے کوئی بھی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی اور بھارتی ٹیم 2008 سے کوئی بھی ٹورنامنٹ کھیلنے پاکستان نہیں آئی۔