پرکاش پڈوکون پیرس اولمپکس میں بھارتی بیڈمنٹن اسکواڈ کی سرپرستی کریں گے

64

نئی دہلی(اسپورٹس ڈیسک):لیجنڈری پرکاش پڈوکون فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 26 جولائی سے شروع ہونے والے اولمپکس کے لیے 15 رکنی بھارتی بیڈمنٹن اسکواڈ کے ساتھ بطور سرپرست سفر کریں گے ۔ آل انگلینڈ چیمپئن شپ جیتنے والے پہلے بھارتی پرکاش پڈوکون 1991 میں ریٹائر ہو گئے تھے جبکہ 1992 کے بارسلونا گیمز اور اولمپکس میں بیڈمنٹن کھیل متعارف کرایا گیا تھا۔ لکشیا سین پرکاش پڈوکون بیڈمنٹن اکیڈمی (پی پی بی اے)کے کھلاڑی ہیں ۔ بھارت کی نامور بیڈ منٹن کھلاڑی پسرلا وینکٹا سندھو نے حیدرآباد سے بنگلورو منتقل کرنے کے بعد پیرس گیمز سے قبل پرکاش پڈوکون کو اپنا سرپرست بنانے کا اعلان کیا تھا۔ پسرلا وینکٹا سندھو اپنے تیسرے اولمپکس میں بھارت کی نمائندگی کے لئے تیاریوں میں مصروف ہیں۔پیرس اولمپکس کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی بھارتی بیڈمنٹن اسکواڈ میں 7کھلاڑی اور 8 معاون عملہ ہیں، بشمول کوچز اور فزیوزشامل ہیں۔
پلیلا گوپی چند، آر ایم وی گروسیدت، اگس سنتوسا، ومل کمار، اور میتھیاس بوئے پیرس جانے والے بھارتی بیڈ منٹن ٹیم کے کوچز ہوں گے جبکہ پرکاش پڈوکون مینٹور کے طور پر فرانس جائیں گے۔ زینیا سمر اور کرن چلاگنڈلا ٹیم میں دو فزیو تھراپسٹ ہوں گے۔ گوپی چند قومی ٹیم چیف کوچ ہوں گے ، گروسیدت ایچ ایس پرنائے کو تربیت دے رہے ہیں اور بوئی ساتوکسایراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی مردوں کے ڈبلز جوڑی اور اشونی پونپا اور تنیشا کرسٹو کی خواتین کے ڈبلز جوڑی کے کوچ ہوں گے ۔ بھارت کے سابق کوچ ومل کمار فی الحال لکشیا کو تربیت دے رہے ہیں، جبکہ اگس سندھو کو بنگلورو میں تربیت دے رہے ہیں۔پیرس اولمپکس میں بیڈمنٹن کے مقابلے 27 جولائی سے شروع ہوں گے اور 5 اگست تک جاری رہیں گے۔