کتیانہ میمن اسپتال نعمت سے کم نہیں، صدر، سیکرٹری کراچی پریس کلب

206
کراچی پریس کلب کاوفد صدر سعید سربازی اورسیکرٹری شعیب احمد کی سربراہی میںکتیانہ میمن اسپتال کادورہ کررہے ہیں۔پریس کلب کے صدر اورسیکرٹری چیئرمین کتیانہ میمن اسپتال احمد چنائے کوشیلڈپیش کررہے ہیں اس موقع پروائس چیئرمین سلیم رومی بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے کہا ہے کہ کتیانہ میمن اسپتال عوام الناس کی خدمت کے ساتھ ساتھ صحافی برادری کے لئے بھی کسی نعمت سے کم نہیں ہے، عقیل کریم ڈھیڈی کی جانب سے کراچی پریس کلب کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کے لئے مفت علاج کی سہولت کی فراہمی پر ہم ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں، احمد چنائے کی قیادت میں کتیانہ میمن اسپتال کی انتظامیہ نے جس طرح اسے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنایا ہے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، شہر کے بڑے اسپتالوں میں میسر تمام سہولیات یہاں انتہائی کم فیسوں میں دستیاب ہیں جو اس مہنگائی کے دور میں عوام کے لئے بہت بڑا ریلیف اور کار خیر ہے۔کراچی پریس کلب کے صدرسعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد کی سربراہی میں وفد نے گزشتہ روزچیئر مین کتیانہ میمن اسپتال احمد چنائے کی دعوت پر کتیانہ میمن اسپتال کا دورہ کیا، کراچی پریس کلب کے وفد میں سیکرٹری ہیلتھ کمیٹی کراچی پریس کلب طفیل احمد، سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے دستور اے ایچ خانزادہ، سابق سیکرٹری کے یو جے نعمت خان، ممبر گورننگ باڈی شعیب احمد،بیورو چیف این این آئی عبد الرحمن، سینئر ممبرابوالحسن اورجاوید جئے جا،ڈاکٹراخترعزیز،ڈاکٹروجاہت اللہ واسطی سمیت اسپتال کے بورڈ ممبران بھی موجود تھے۔اس موقع پرسیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ 2022ء میں معروف بزنس مین اور کراچی پریس کلب کے تاحیات ممبر عقیل کریم ڈھیڈی کی جانب سے کراچی پریس کلب کے ممبر ز اور ان کے اہل خانہ کے مفت علاج کے لیے تعاون کیا گیا تھا۔اس وقت کی گورننگ باڈی کے مطابق ایک کروڑ روپے سے اس سہولت کا آغاز کیا گیا تھا۔تقریبا سوا دو سال کے دوران ہمارے کتیانہ اسپتال میںاراکین اور ان کے اہل خانہ کی ہر قسم کی بیماری کا علاج کیا جارہا ہے۔احمد چنائے کی ذاتی کوششیں اورد لچسپی اس پروجیکٹ میں ہر وقت موجود ہوتی ہے۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے کتیانہ میمن اسپتال کسی نعمت سے کم نہیں ہے ،اس کے لیے ہم احمد چنائے اور اسپتال کی پوری انتظامیہ کیے شکر گزار ہیں۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروںنے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ کتیانہ میمن اسپتال اور کراچی پریس کلب کے درمیان یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور عقیل کریم ڈھیڈی کی کاوشوں سے لگایا گیا یہ پودا جلد تناوردرخت کی شکل اختیار کرجائے گا۔انہوں نے کہاکہ کراچی پریس کلب اپنے ممبران کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے اور اس کام کے لیے ہمیں اپنے ہمدرد اور خیر خواہوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم مختلف اسپتال اور ڈائیگنوسٹک سینٹرز سے اپنے اراکین کی طبی سہولیات کے لئے معاہدے کر چکے ہیں تاہم وہ ناکافی ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ان سہولیات کو بڑھایا جائے۔ اس موقع پر کتیانہ میمن اسپتال کے چیئرمین احمد چنائے نے کہاکہ ہردال عزیزشخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کی خواہش ہے کہ پریس کلب کے ممبرا ن کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ دوسال کے عرصے کے دوران اسپتا ل سے کراچی پریس کلب کے 2600ممبران استفادہ کرچکے ہیں جبکہ 1100سے زائد ممبران مختلف بیماریوں کے باعث یہاں زیر علاج رہ چکے ہیں۔انہوں نے کراچی پریس کلب کے وفد کو بتایا کہ یومیہ بنیادوں پر کتیانہ میمن اسپتال میں چار ہزار سے مریضوں کا چیک اپ کیا جاتا ہے۔1500سے زائد مریضوں کی او پی ڈی ہوتی ہے۔ادارہ ”نو پرافٹ نو لاس”کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے۔اسپتال میں دل کے آپریشن سمیت ہرطرح کی طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔اس موقع پروائس چیئرمین سلیم رومی نے کہا کہ اسپتال میں 180بچے تھلیسیمیا کے رجسٹرڈ ہیں ،15بچوں کو یومیہ بنیاوں پرخون فراہم کیا جاتا ہے۔یہ واحد اسپتال ہے جسے ٹیچنگ اسپتال میں تبدیل کردیا گیا ہے ،اسپتال میں سندھ اسکل لیب ،آئی ٹی ڈپارٹمنٹ موجود ہے جبکہ اسپتال کو ڈیجیٹلائز کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں جدید طرز کے چار آپریشن تھیٹرز ہیںجبکہ آئی سی یو سمیت دیگر شعبے آپریشنل ہیں۔اسپتال میں جدید طرز کی لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔13ایمرجنسی وارڈز ہیں۔اس موقع پرپی ایف یوجے دستور کے سیکرٹری جنرل اے ایچ خانزادہ اور سیکرٹری ہیلتھ کمیٹی طفیل احمد نے کتیانہ میمن اسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازا ں کراچی پریس کلب کے وفد کو اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا گیا۔