حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) آٹا چکی اونرز سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن حیدرآباد نے حالیہ بجٹ میں بنیادی اشیا گندم،آٹا پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کے خلاف آل پاکستان رولر فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک گیر سطح پر کی جانے والی ہڑتال کی حمایت کردی، جمعرات 11جولائی کو تمام آٹا چکیاں احتجاجی طور پر بند رہیں گی ،یہ فیصلہ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد میمن کی زیر صدارت مقامی کلب میں منعقدہ ہنگامی جنرل باڈی اجلاس میں کیا گیا جس میں عہدیداران سمیت چکی مالکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے صدر حاجی محمد میمن نے صدارتی خطاب میں کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کردہ حالیہ بجٹ میں انسانوں کی بنیادی اشیا گندم ،آٹا پر ظالمانہ ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے سے ایک عام آدمی کی پریشانی میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ آٹا جیسی بنیادی صنعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے گا ۔ حاجی محمد میمن نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے بجائے گندم،آٹا پر ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرکے ایک عام آدمی سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھیننا چاہتی ہے۔ حاجی محمد میمن نے کہا کہ پہلے ہی بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ سے آٹا صنعت تباہی کے دہانے پر تھی اب گندم آٹا پر ود ہولڈنگ ٹیکس لگاکر رہی ہے،حکومتی فیصلے سے عام آدمی کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لینے اور بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعرات 11جولا کو آل پاکستان رولر فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک گیر سطح پر کی جانے والی ہڑتال کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے آٹا چکیاں بند رکھنے کا اعلان کیا۔