زرعی شعبے میں جبری مشقت کے خاتمے کیلیے کوشش کر رہے ہیں

190

کراچی (کامرس رپورٹر)ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) نے پائیدار کاروباری طریقوں کو یقینی بنانے کے لیے غیر رسمی شعبے سے جبری مشقت کے خاتمے کی اہم اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی شعبے سے جبری مشقت کے خاتمے کی کوششوں کا مقصد ورکرز کے حقوق کا تحفظ، کاروباری استحکام کو بڑھانا اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ای ایف پی کے سیکرٹری جنرل سید نذر علی نے ای ایف پی کے زیر اہتمام حیدرآباد میں برج پراجیکٹ کے تحت انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے تعاون سے مہر ایگریکلچر ایمپلائرز (زمیندار) ایسوسی ایشن (ایم اے ای اے) کے اراکین کے تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کاروباری اداروں کے لیے واضح اور شفاف پالیسیاں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا جو ان کی مصنوعات اور سپلائی چین میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کریں تاکہ جبری مشقت کو مؤثر طریقے سے ختم کیا جا سکے۔سید نذر علی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ غیر رسمی شعبے میں جبری مشقت کی طویل مدتی روک تھام آجر کی ایسوسی ایشنز کے ذریعے غربت میں کمی کے پروگرامز اور مضبوط قانون سازی کے قیام کے ذریعے مشترکہ وکالت کی کوششوں پر انحصار کرتی ہے۔انہوں نے خاص طور پر زراعت جیسے شعبوں میں جبری مشقت کے خاتمے میں ایسوسی ایشنز کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ای ایف پی کی کوششوں اور پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے ذمہ دار کاروباری طریقوں کے ذریعے ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور پائیدار اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے ای ایف پی کے عزم کا احاطہ کیا۔مہر ایگریکلچر ایمپلائرز (زمیندار) ایسوسی ایشن کے صدر قاضی واجد مہیسر نے ای ایف پی اور آئی ایل او کے زیراہتمام تربیتی سیشن کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ سیشن میں زرعی زمینداروں کے درمیان جبری مشقت کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی جس کا مقصد افہام و تفہیم کو بڑھانا اور قابل عمل حل تیار کرنا تھا۔انہوں نے جبری مشقت کو کم کرنے اور شعبے کے اندر کام کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے مضبوط پالیسیوں کے لیے حکومتی تعاون پر زور دیا۔لیبر ڈائریکٹوریٹ حیدرآباد کے ریجنل ڈائریکٹر غلام سرور اوترو نے بچوں اور جبری مشقت سے نمٹنے کے لیے ای ایف پی کے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے سندھ بانڈڈ لیبر سسٹم ایکٹ 2015 کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ضلعی سطح پر لیبر قوانین کے نفاذ میں ویجیلنس کمیٹیوں کے کردار پر زور سیشن کے شرکاء نے چھوٹے زمینداروں کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا اور فصل کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے، زرعی ورکرز کے سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مجوزہ اقدامات کے بارے میں بتایا۔انہوں نے ای ایف پی ور آئی ایل او پر زور دیا کہ وہ ان چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے سوشل سکیورٹی اسپتالوں اور قانون سازی میں اصلاحات جیسے اقدامات کی حمایت کریں۔