اسلام آباد:پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مابین نئے پروگرام کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت اسٹاف لیول معاہدے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں وزارت خزانہ کے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ فریقین کے درمیان نئے پروگرام کے سلسلے میں ورچوئل مذاکرات مزید آگے بڑھے ہیں، جس کے مطابق آئی ایم ایف نے نئے پروگرام کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے اور آئندہ دو ہفتوں کے دوران فریقین میں اسٹاف سطح کے معاہدے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں تمام اہداف اور شرائط پر تقریباً اتفاق ہو چکا ہے۔جس میں 3 روز سے جاری ورچوئل مذاکرات میں پروگرام کے حجم، دورانیے سمیت معاہدے کے دیگر خدوخال پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، جس کے بعد آئی ایم ایف نے نئے قرض پروگرام کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف نے 10 جولائی سے قبل چند اہداف اور شرائط پوری کرنے کا کہا تھا اور پاکستان نے یہ تمام اہداف حاصل کر لیے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے سخت فیصلے کیے ہیں۔ وفاقی حکومت کے اقدامات میں بجٹ کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ بھی شامل ہے۔