جماعت اسلامی کراچی نوجوانوں کو کھیلوں سمیت ہر میدان مواقع فراہم کرتی رہیگی،منعم ظفر خان

221

کراچی( اسپورٹس رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کے ہمراہ منصورہ اسپورٹس کمپلیکس اور اپنا لیاقت آباد انڈور کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا،۔اس موقع پر وائس چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن اسحاق تیموری، امیر جماعت اسلامی گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ، کوآرڈینٹر صغیر احمد انصاری، انور جمال، متعلقہ یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین، قومی کرکٹر میر حمزہ، میونسپل کمشنر دریاخان پتافی، ڈائریکٹر ایڈمن فیض احمد، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی، ڈائریکٹرانفارمیشن فہیم مصطفی و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے یونین کمیٹی نمبر 2 لیاقت آباد ٹائون میں اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی نے اپنی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نمائندے منتخب کئے جو امانت اور دیانت کے حوالے سے اپنا ایک مقام رکھتے ہیں، امانت، دیانت اور خدمت جماعت اسلامی کا اثاثہ ہے، ہمارا ویژن شہر کراچی کو ترقی دینا اور اس شہر کو آ گے بڑھانا ہے، جماعت اسلامی کو اپنی اس کوشش اور جدوجہد میں عوام کا تعاون درکار ہے۔ ترقی کا سفر جوں جوں آگے بڑھے گا، بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی، انشااللہ عوام کے تعاون سے کامیابی ہمارا مقدر ہوگی، چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی جو کمنٹمنٹ کرتی ہے تو الحمدللہ اس کو پورا کرنا جانتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سوچ اور نیت اچھی ہو تو ہر کام ممکن ہے آج ہم جس اسپو رٹس کمپلیکس میں کھڑے ہیں یہاں کچرے کے انبار ہوا کرتے تھے لوگوں کا یہاں سے گزرنا مشکل تھا، لیکن علاقہ مکینوں کے تعاون سے ہم نے اس کا نقشہ تبدیل کردیا اور آج ہم اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے اس علاقے میں نوجوانوں کے لئے اسپورٹس کی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی جگہ موجود نہیں تھی، انہوں نے امید ظاہر کی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے بعد کرکٹ کے فروغ کے ساتھ نیا ٹیلنٹ ابھر کے سامنے آئے گا۔ اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب کے بعد امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اورچیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے اپنا لیاقت آباد کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا، تقریب کے آخر میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے منتخب نمائندوں اور افسران کو اعزازی شیلڈ دیں۔