صدر زرداری نے الیکشن ترمیمی بل کی منظوری دیدی

267
the war against terrorism

اسلام آباد:صدرمملکت آصف علی زرداری نے الیکشن ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔

نجی ٹی وی کی  رپورٹ کے مطابق صدر کی جانب سے الیکشن ترمیمی بل 2024ء کی منظوری کے بعد اب یہ قانون کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ صدر مملکت نے بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی ہے، جو اب قانونی طور پر باقاعدہ نافذ ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن ترمیمی بل قومی اسمبلی سے 28 جون اور اس کے بعد سینیٹ سے 8 جولائی کو پاس ہوا تھا۔ جس کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے شدید مخالفت اور ایوان سے واک بھی کیا تھا۔

صدر آصف زرداری کی جانب سے منظوری کے بعد اب نئے قانون کے مطابق الیکشن ٹریبیونلز میں ریٹائرڈ ججز تعینات ہو سکیں گے۔ بل کے تحت چیف الیکشن کمشنر ٹریبونل میں ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کے مجاز ہوں گے، ہائیکورٹ ججز کی ٹریبونل میں تعیناتی پر چیف الیکشن کمشنر ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز سے مشاورت کرنے کے پابند ہوں گے۔