اسلام آباد:وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان نے اگر بھوک ہڑتال کی تو پھر پاکستان سمیت پوری دنیا میں بھوک ہڑتال ہوگی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ پختونخوا حکومت میں قرضہ نہیں لیا گیا بلکہ ہم نے 100 ارب کا سرپلس بجٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں ہیلتھ کارڈ ایک بار پھر شروع کررہے ہیں۔ عمران خان کا وژن ہے کہ پختونخوا اپنے پاؤں پر کھڑا ہو۔
انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں2028ء تک 800 میگاواٹ بجلی بنائی جائے گی۔ کے پی کے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار دے رہے ہیں۔ افسران کے تقرر کا مطالبہ تھا، تاہم فی الحال ایسا نہیں کررہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کے تحفظات غلط نہیں، انہوں نے اگر بھوک ہڑتال شروع کی تو پھر پاکستان سمیت دنیا بھر میں کی جائے گی۔ ہم قانون پر عمل کرنے والے لوگ ہیں اور اپنے حق کی خاطر پرامن احتجاج کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں۔