بندرگاہوں میں جدید نظام سے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں‘ وزیراعظم

176

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بندرگاہوں میں جدید نظام اور مزید بہتری سے پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔وہ اپنے روزہ دورے کے موقع پر کراچی پورٹ ٹرسٹ پہنچے جہاں انہیں بندرگاہوں اور نیشنل فلیگ کیرئیر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔جس کے بعد اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کے لیے سمندری تجارت کا سب سے موزوں راستہ فراہم کرتا ہے اور وسط ایشیائی ریاستوں نے تجارت کے لیے پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے،حال ہی میں اپنے دورہ قازقستان کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور وسط ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ کراچی میں موجود بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈیشن کی صنعت سے برآمدات میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جدید آلات و مشینری کی تنصیب سے کسٹمز کلیئرنس کے وقت کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں جبکہ بندرگاہوں پر اسکیننگ کی جدید مشینری کی جلد تنصیب یقینی بنائی جائے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، کراچی پورٹ ٹرسٹ تک اور اس سے سامان کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے لیاری ایکپریس وے کو کارگو ٹریفک کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے جبکہ سامان کی ترسیل کو مزید بہتر بنانے کے لیے ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے جوڑا جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ تک اور اس سے ریل کے ذریعے سامان کی ترسیل کی استعداد کو بڑھایا جائے، پورٹ قاسم پر ایل این جی جہازوں کی فیس کو کم کرکے اسے بین الاقومی سطح پر رائج ریٹس کے مطابق مقرر کیا جائے، شپنگ لائیز کی ریگیولیشن کے لیے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر جلد پیش کیا جائے۔ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اپنی لاگت کو کم کرنے اور اپنے آپریشنز کو مؤثر بنانے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرے۔خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں نجی شعبے کی ترقی، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور ترقی کی جانب گامزن ہے، پاکستان کی برآمدی صنعت کی ترقی کے لیے برآمد کنندگان کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کراچی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، قیصر احمد شیخ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین کے پی ٹی، پی کیو اے، پی این ایس سی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کو بندرگاہ کی کارکردگی کے خطے کی دوسری بندرگاہوں سے موازنے پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔