مسعود پاریکھ اورمحمد یحییٰ پولانی کا پریس کلب کا دورہ،عہدیداروں سے ملاقات

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین میمن خدمت فورم حاجی مسعود پاریکھ ، سینئر وائس چیئرمین میمن خدمت فورم وچیئرمین پولانی گروپ محمد یحییٰ پولانی اوراے کے میمن نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور عہدیداروں سے ملاقات کی۔ملاقات میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد ، ممبر گورننگ باڈی نور محمد کلہوڑو،ممبر فنانس کمیٹی رضوان عامر، سینئر ممبرابو الحسن، سیکرٹری ڈیجیٹل کمیٹی فاروق سمیع اور جاوید میمن شامل تھے صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے اس موقع پرمعزز مہمانان گرامی کو کراچی پریس کلب کے منصوبوں اور صحت سے متعلق اراکین کو حاصل سہولیات پر بریفنگ دی،انہوں نے کہاکہ موجودہ مہنگائی کے دور میں میڈیا ورکرز کو اپنی بنیادی ضروریات زندگی پورا کرنا دشوار ہورہا ہے، حکومت اور میڈیا کے ادارے اس معاملے پر کوئی لائحہ عمل بنانے پر تیار نہیں ہیں، کراچی پریس کلب اپنے ممبران کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے اور اس کام کے لیے ہمیں اپنے ہمدرد اور خیر خواہوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔اس موقع پرمیمن خدمت فورم کے چیئرمین حاجی مسعود پاریکھ نے کہا کہ ہم ہمیشہ صحافی برادری کے ساتھ رہے ہیں اور کراچی پریس کلب کے معاملات اور اراکین کے مسائل کو سمجھتے ہیں، میمن خدمت فورم کے پلیٹ فارم سے صحافی برادری کے مسائل خصوصاً صحت عامہ کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔پولانی گروپ کے چیئرمین محمد یحییٰ پولانی نے کہا کہ میں اپنے آپ کو کراچی پریس کلب کا حصہ اور صحافی برادری کا نمائندہ سمجھتا ہو، ہم نے ماضی میں بھی کراچی پریس کلب کی تعمیر و ترقی اور صحافی برادری کے لیے کام کیا یے ہم صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے کراچی پریس کلب کے نمائندے کے طور پر اپنا کردار ادا کریں گے۔