بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اپنے دونوں بچوں کے ساتھ مستقل طور پر ممبئی سے لندن منتقل ہونے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار اننگز کھیل کر بھارت کو ورلڈ چیمپئن بنوانے والے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اپنی اہلیہ اور دونوں بچوں کیساتھ لندن روانہ ہوگئے ہیں۔
ہفتے کی شب ورلڈ کپ فائنل کے بعد ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئینٹی فارمیٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کردیا۔
وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کھیلتے رہیں گے۔ ورلڈ کپ میں ناکام رہنے والے ویرات نے فائنل میں جنوبی افریقا کیخلاف 59 گیندوں پر 76 رنز بنائے اور پلیئر آف دی فائنل قرار پائے۔
یاد رہے کہ انہوں نے ایک انٹر ویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ یورپ میں رہنا پسند کرتے ہیں کیونکہ یورپ زیادہ تر لوگ انہیں پہچان نہیں پاتے اور اس سے انہیں معمول کی زندگی ملتی ہے۔