کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے اسلام آباد اور کراچی ائرپورٹس پر ایوی ایشن سیکورٹی بین الاقوامی معیار کی قرار دیدی، سینئر ڈائریکٹر نے کہا کہ سیکورٹی پروٹوکولز بین الاقوامی معیار اور مروجہ بیسٹ پریکٹسز سے ہم آہنگ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی ٹیم کا جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی کا دورہ مکمل ہوگیا۔ اماراتی ایوی ایشن سیکورٹی ٹیم نے اس سے پہلے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کا دورہ کیا تھا۔ 2 رکنی اماراتی ایوی ایشن سیکورٹی ٹیم کی قیادت سینئر ڈائریکٹر مسٹر عبداللہ الکعبی نے کی۔ اماراتی ٹیم نے دونوں ہوائی اڈوں پر مختلف ایوی ایشن سیکورٹی کے شعبوں کا معائنہ کیا، سیکورٹی امور میں مسافر اور سامان کی اسکریننگ، کارگو اور کیٹرنگ سیکورٹی کا جائزہ لیا۔ مہمان ٹیم نے براہ راست (یو اے ای) جانے والی ائر لائنز، گرانڈ ہینڈلنگ ایجنٹس، ریگولیٹڈ کارگو ایجنٹس اور کیٹرنگ کمپنیوں کا بھی جائزہ لیا۔ ٹیم نے سیکورٹی ایکسس/ رسائی کنٹرول، ہوائی جہاز کی سیکورٹی چیک اور دیگر متعلقہ طریقہ کار کی بھی جانچ پڑتال کی۔ جی سی اے اے اماراتی ٹیم نے ڈیبریفنگ سیشن کے دوران شاندار میزبانی پر سول ایویشن کا شکریہ ادا کیا، ائرپورٹ مینجمنٹ، اے ایس ایف، ائر لائنز، کارگو کمپنیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے سیکورٹی پروٹوکولز پر اطمینان کا اظہارکیا۔