کم عمری میں صحتمند غذا کا کھانا ڈیمینیشیا کے خطرات کم کر سکتا ہے، ماہرین

227

میساچوسٹس:طبی ماہرین نے کہا ہے کہ کم عمری میں صحتمند غذا کا کھانا بڑھاپے میں ڈیمینشیا کے خطرات کو کم کر سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق تحقیق کاروں نے نئے طبی تجربات کے نتائج سے اخذ کیا ہے کہ کم عمری سے لے کر درمیانی عمر تک (جسے ہم بچپن میں بھی کہہ سکتے ہیں)صحت بخش غذاؤں کا کھانا بڑھاپے کی عمر میں جہاں ڈیمینشیا کے خطرات کو کم کرنے کا سبب بنتا ہے بلکہ دماغ کو بھی توانا اور صحتمند رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

غذائیات کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس ‘‘نیوٹریشن 2024ء’’ میں پیش کی گئی اس خصوصی تحقیق میں طبی ماہرین نے تین ہزار سے زیادہ افراد کا ڈیٹا پیش کیا، جس کا ان افراد کے بچپن سے لے کر کم و بیش 70 سال تک معائنہ کیا گیا۔

تحقیقی ماہرین کا کہنا تھا کہ کہ ڈیمینیشیا کے حوالے سب اب تک جتنے بھی طبی مطالعات ہوئے ہیں، ان میں 60 یا 70 سال کی عمر میں استعمال ہونے والی غذائی عادات کو جانچا گیا تھا، تاہم ماہرین نے نئی تحقیق منفرد انداز سے کی ہے، جس میں کم عمری یا بچپن سے کھانے اور غذائی عادات کا خصوصاً بڑھاپے یا پوری زندگی کے ساتھ موازنہ کیا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کم عمری میں اینٹی آکسیڈنٹ، مونو اور پولی انسیچوریٹڈ چکنائی کی حامل صحت بخش غذائیں کھانے سے خلیوں میں تناؤ کم ہوتا ہے اور دماغ میں خون کی گردش زیادہ بہتر ہوتی ہے جو نتیجتاً دماغی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔