غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں‘ وزیراعظم،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقات

162
آستانہ: شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کا گروپ فوٹو

آستانہ (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، عالمی عدالت انصاف نے بھی اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیا ہے ہم غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ایس سی او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قازق صدر کو ایس سی او پلس سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہمارے درمیان اہم دستاویزات پر اتفاق رائے ہوا، اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی قبضے کی وجہ سے تنازعات سر اٹھا رہے ہیں اور تنازعات کے سبب انسانیت کو مسائل کا سامنا ہے اس لیے پرْامن بقائے باہمی کے لیے تنازعات کا پرامن حل ضروری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ اجلاس ایسے موقع پر ہورہا ہے جب فلسطینیوں کو انسانیت سوز مظالم کا سامنا ہے، ہزاروں فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا ایک بڑا مسئلہ ہے ہمیں اس مسئلے کے حل کے لیے بھی مل کر کام کرنا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے سبب دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، کورونا کے سبب دنیا کو معاشی اور سماجی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان پر دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔ آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خطے کے عوام کی سماجی ومعاشی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر شنگھائی تعاون تنظیم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مشترکہ چیلنجز ہیں اور ترقی و خوشحالی کے لیے مل جل کر کام کرنا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی جائے، خطے کے بہتر مستقبل کے لیے ہمیں جغرافیائی و سیاسی محاذ آرائی سے خود کو آزاد کرنا ہوگا، افغانستان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عبوری افغان حکومت کے ساتھ بامعنی بات چیت کرنا ہوگی، افغان حکومت دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔