کراچی: درجہ حرارت میں کمی کے باوجود گرمی اور حبس برقرار‘ شہری بے حال

210

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عروس البلاد کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہو گئی ہیں، اس کے باوجود موسم گرم ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سمندری ہوائیں27کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔آئندہ24گھنٹے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔شہر میں پچھلے24گھنٹے کے دوران کم سے کم درجہ حرارت31.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کی فضا میں نمی کا تناسب 55فیصد رہا۔محکمہ موسمیات نے آج پھر موسم بہتر ہونے کی امید دلائی ہے،چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں، جس سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔اطلاعات کے مطابق شہر قائد میں حالیہ ہیٹ اسٹروک کے باعث اموات کی تعداد49 ہوگئی ہے۔جون کے مہینے میں کراچی میں3ہزار 338شہری ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے جب کہ جون کے مہینے میں ہیٹ اسٹروک کے باعث45 شہری جاں بحق ہوئے۔ماہ جون میں نیو کراچی سندھ گورنمنٹ اسپتال میں ایک ہزار111ہیٹ اسٹروک کے کیس رپورٹ ہوئے، جناح اسپتال میں217ہیٹ اسٹروک کے کیس اور5اموات رپورٹ ہوئیں جب کہ سول اسپتال میں 475 ہیٹ اسٹروک کے کیس اور18اموات رپورٹ ہوئیں۔جون میں عباسی شہید اسپتال میں 755 ہیٹ اسٹروک کے کیس اور19 اموات رپورٹ کی گئیں، سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال میں91ہیٹ اسٹروک کے کیس اور3اموات رپورٹ ہوئیں۔ علاوہ ازیں جون میں لیاری جنرل اسپتال میں39، سروسز اسپتال میں27، کورنگی نمبر5کیسرکاری اسپتال میں 41، سندھ گورنمنٹ سعود آباد اسپتال میں52، سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اسپتال میں93ہیٹ اسٹروک کے کیس رپورٹ ہوئے۔ یکم جولائی کو عباسی شہید اسپتال میں ہیٹ اسٹروک کے باعث4اموات رپورٹ ہوئیں، گزشتہ ماہ سے تاحال ہیٹ اسٹروک کے باعث سول اسپتال میں 18، عباسی شہید اسپتال میں 23، سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال میں3جب کہ جناح اسپتال میں 5اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔