جسٹس بابر ستار اور فیملی کا ذاتی ڈیٹا لیک کیس: عدالت کا ایکس کے چیف لیگل افسر کو خط

215

جسٹس بابر ستار اور ان کی فیملی کا ذاتی ڈیٹا لیک کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایکس (ٹویٹر) کو معاونت کیلئے اہم خط لکھ دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس بابر ستار اور ان کی فیملی کا ذاتی ڈیٹا لیک کرنے والے کی معلومات حاصل کرنے کے لیے اقدام اٹھا لیا۔

رجسٹرار نے وزارت خارجہ اور امریکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے خط لکھا جس میں ایکس سے پاکستانی تحقیقاتی اداروں کو متعلقہ معلومات دینے کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ ایکس اگر اپنا نمائندہ ہائیکورٹ کے سامنے بھیجنا چاہے تو بھیج سکتا ہے، ایکس اگر نمائندہ بھیجتا ہے تو قابل تعریف عمل ہو گا۔

خط میں ایکس ڈیٹا لیک کرنے والے کے اکاؤنٹ کی شناخت میں معاونت کرنے کا کہتے ہوئے کہا گیا کہ اگر منظم مہم تھی تو اس کے لنکس کے حوالے سے بھی ایکس معاونت کرے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق ایکس کی یو کے اور بھارتی حکومتوں کو معاونت دینے کا حوالہ بھی خط کا حصہ ہے، وزارت خارجہ اور پاکستانی ہائی کمیشن امریکا خط کی سروس کرا کے رپورٹ جمع کرائیں، پاکستان کے تحقیقاتی اداروں کی جانب سے نشاندہی کئے گئے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی خط کے یاتھ منسلک ہیں۔