کراچی (اسپورٹس رپورٹر)گورنمنٹ نیشنل کالج مارننگ نے کمشنر کراچی اسپورٹس فیسٹیول شوٹنگ بال ایونٹ جیت لیا، فائنل میں ڈسٹرکٹ کورنگی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرسرپرستی کمشنر کراچی اسپورٹس فیسٹیول جاری ہے، اس سلسلے کا شوٹنگ بال ایونٹ واحد شوٹنگ بال کورٹ کورنگی میں منعقد ہوا۔ایونٹ کا فائنل ڈسٹرکٹ کورنگی اور گورنمنٹ نیشنل کالج مارننگ کے درمیان کھیلا گیا جو نیشنل کالج نے دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد جیت لیا۔ میچ میں پہلے سیٹ کا اسکور 16-11 دوسرے سیٹ کا اسکور 13-16 اور تیسر ے سیٹ کا اسکور 16-14 رہا۔ فائنل کے اختتام پر تقسیم انعامات کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کورنگی سید جواد مظفر نے کھلاڑیوں میں کیش انعامات، ٹرافیز، تمغے اور اسنادتقسیم کیں۔ فاتح ٹیم گورنمنٹ نیشنل کالج مارننگ کو ونر ٹرافی اور نقد انعام اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ڈسٹرکٹ کورنگی کو رنر ٹرافی اور کیش انعامات سے نوازا گیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے رضوان احمد، سید محسن علی، عبداللہ اور بازل زیدی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ رنر ٹیم کی جانب سے عبدالخالق، اسرار زیدی، فاروق نادر اور عمیر خان نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا۔ اس موقع پر غلام مرتضی عظیمی، غلام محمد خان، نائیمہ برڑو،ایم نسیم، جنید احمد خان، ایم شمیم قریشی،سلیم خمیسانی، خالد بروہی، شہزاد احمد، راجہ غضنفر، عبدالرحمن، محمد رفیق، محمد آصف، اعجاز احمد، کلیم اعوان و دیگر بھی موجود تھے۔