کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایس آئی یو ٹی نے کراچی کے ریجنٹ پلازاکا قبضہ سنبھال لیا ہے، پاکستان ہوٹلز ڈیولپرز لمیٹڈ (پی ایچ ڈی ایل) نے ہوٹل ریجنٹ پلازاکا قبضہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) ٹرسٹ کے حوالے کر دیا ہے۔ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کی جانب سے یکم جولائی 2024 ء (بروز پیر) کو جائداد کی 90 فیصد ادائیگی کی گئی جو کہ 46.8 ملین ڈالر بنتی ہے۔نوٹس میں کہا گیا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ کمپنی کی جائداد کی فروخت کے معاہدے کو جاری رکھتے ہوئے نامزد حکام سے مطلوبہ منظوری حاصل کر لی گئی ہے اور ریجنٹ پلازاکا ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کو مالکانہ حق کی منتقلی کا عمل رواں ماہ مکمل کر لیا جائیگاپی ایچ ڈی ایل نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاہدے کے وقت پہلے سے ادا کی جانے والی 10 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کے علاوہ ہے اور پراپرٹی کی ٹائٹل ٹرانسفر مکمل ہونے پر کمپنی کو بقیہ 10 فیصد بیلنس آف سیل ایڈوانس ادا کرنے پر رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔پی ایچ ڈی ایل کا کہنا ہے کہ یکم جولائی 2024 ء کو 90 فیصد ادائیگی کے بعد پراپرٹی کا فزیکل قبضہ ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔