ساہیوال(آئی این پی)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈویژن کے تمام شہروں اور دیہات کے قبرستانوں کی صفائی کے احکامات جاری کر دیئے، میونسپل ادارے اور یونین کونسلز اپنی اپنی حدود میں قبرستانوں کی صفائی کو یقینی بنائیں، ساہیوال شہر میں قبرستانوں کی صفائی کی جاری مہم پر اطمینان کا اظہار، وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائیرکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائیریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر علی خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے مون سون کے دوران شہریوں کو حادثات سے بچانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام بڑے شہروں میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ یہ کیمپ ایسے مقامات پر قائم کئے جائیں جہاں سے زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں سٹی مینجر پسپ علی خان نے یقین دلایا کہ فرید ٹان روڈ ،ہڑپہ روڈ ،چک نمبر 93/6R اور پاکپتن روڈ کی بحالی کا کام اگلے ہفتے سے مرحلہ وار شروع کر دیاجائے گا جو سیوریج پائپ لائن ڈالنے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے غلہ منڈی میں جاری بحالی کے کام کو جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے چیف آفیسر شیخ اشفاق احمدکو ہدایت کی کہ کمرشل پلازوں کی تعمیر مقررہ وقت کے بعد بھی جاری رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے جو عرصہ دراز تک بلڈنگ میٹریل سڑکوں پر رکھ کر گزرنے والوں کے لئے پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔