یہ سال پاکستان سے ہمارے تعلقات کیلیے خاص ہے، سفیر بیلاروس

95

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹلٹسا نے کہا ہے کہ بیلاروس اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ دوطرفہ تعلقات کیلیے سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان 3 دہائیوں کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات مثالی رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ یہ سال بیلاروس اور پاکستان کے ساتھ ہمارے دوطرفہ تعلقات کیلیے خاص ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے یوم آزادی کے موقع پر وہ بیلاروس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک زراعت، ٹیکسٹائل، لائٹ انجینئرنگ ٹریکٹرز، ٹرکوں، چمڑے، کھیلوں اور سرجیکل آلات سمیت مختلف اقتصادی شعبوں میں تجارت کے اس بڑے موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔