کراچی مقتل بنادیا گیا‘ روز نوجوان قتل ہورہے ہیں ، منعم ظفر

123
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان گلستان جوہر میںڈاکوئوں کی فا ئر نگ سے جاں بحق نوجوان نعمان کے ورثا سے ملاقات و دعائے مغفرت کر ر ہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ کراچی کو مقتل بنادیا گیا ہے روزانہ ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان قتل ہورہے ہیںاور حکومت و پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ منعم ظفر خان نے پہلوان گوٹھ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہوجانے والے گلستان جوہر کے 27 سالہ نوجوان نعمان کے اہل خانہ سے ان کے گھر پر ملاقات وتعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ چند ہزار روپے کے موبائل فون چھیننے کے دوران نوجوان کو گولی مار دینا بڑاالمیہ ہے۔ پولیس اور انتظامیہ جرائم کی سرپرستی کررہی ہے۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ پولیس جرائم کی شرح کم دکھانے کے لیے ڈکیتی اور رہزنی کے واقعات کی ایف آئی آر درج نہیں کرتی۔ آئی جی سندھ اور دیگر پولیس حکام سے ملاقات میں ہم نے ان سے واضح طور پر کہا کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک کے مقابلے میں جرائم کی شرح کم ظاہر کرکے ڈاکوؤں کی سرپرستی اور متاثرین کے زخم پر نمک پاشی کرتے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع شرقی کے رہنما فواد بنگش، ناظم علاقہ گلستان جوہر عمران جعفری، احتشام کھیتران، نصر عثمانی ،کونسلر سکندر گبول اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔