کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے سمندری لہروں کی بڑھتی ہوئی طغیانی کے پیش نظر سمندر میں نہانے پر ایک ماہ کیلیے مکمل پابندی عاید کردی۔ کمشنر نے دفعہ 144 کے تحت پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے یہ پابندی 27 جولائی تک رہے گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کراچی میں ساحل سمندر کے قریب بڑی اور خطرناک لہریں بن رہی ہیں جس کے نتیجے میں سمندر میں نہانے والوں کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق علاقہ ایس ایچ او کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا اختیار ہوگا۔