کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے زمینداروں نے زرعی فیڈروں پر بجلی کی بلاجواز لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجا قومی شاہراہیں بند کردیں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق زرعی فیڈروں پر بجلی کی بلا جواز لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج زمیندار ایکشن کمیٹی کی اپیل پر کئی گئی ۔ زمینداروں نے کوئٹہ ، پشین قلعہ سیف اللہ ، چمن ، نوشکی مستونگ ، چاغی اور سبی سمیت صوبے کے اٹھائیس مقامات پر قومی شاہراہوں کو کئی گھنٹے بند رکھا۔ زمینداروں کا کہنا تھا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن تک زرعی فیڈروں پر شیڈول کے مطابق 6 گھنٹے بجلی فراہم کی جائے۔قومی شاہراہوں کی بندش سے بڑی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیاں بھنس گئیںجس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی ، میر سرفراز بگٹی نے کی یقین دہانی کے بعد زمینداروں نے صوبے بھر میں جاری قومی شاہراہوں پر احتجاج ختم کر دیا ۔دریں اثناوزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ زمینداروں کا کیس مؤثر طور وفاق کے سامنے اٹھایا گیا ہے ،زمینداروں کے مسائل کے حل کیلیے سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ جمعہ کے روز زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ بلو چستان نے کہا ہے کہ زمینداروں کا کیس موثر طور وفاق کے سامنے اٹھایا مگر پیش رفت کے ہڑتال کی کال باعث افسوس ہے ۔