سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سکھر کی جانب سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ، بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں کیخلاف امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو، امیر سکھرشہر زبیر حفیظ شیخ کی قیادت میں سیپکو چیف آفس کے قریب تھرمل پاور ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا، دھرنے میںجماعت اسلامی، جے آئی یوتھ، اسلامی جمعیت طلبہ، جمعیت طلبہ عربیہ کے کارکنان و شہریوں نے شرکت کی، جبکہ دھرنے کے شرکاء سے نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب امیر ضلع ایڈوکیٹ سلطان احمد لاشاری، عبدالحلیم تنیو، قیم ضلع حافظ امان اللہ تنیو، سابق امیر شہر سرفراز صدیقی، حافظ میر ہزار خان لاشاری، جے آئی یوتھ کے نائب صدر سجاد اللہ بھٹو، عبدالحمید تنیوسمیت دیگر شریک تھے، دھرنے کے شرکاء لوڈ شیڈنگ نا منظور، بجلی کے بلوں میںظالمانہ ٹیکس نا منظور کے نعرے لگا رہے تھے۔ دھرنے کے شرکاء سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگی بجلی مہنگائی میں مزید اضافہ کا سبب بن رہی ہے، آئی ایم ایف کے مطالبہ پر بجٹ اور بلوں میںچھپے ٹیکسوں کی بھرمار ہے، دنیا بھر میںپاکستان کا تماشا بنا دیا گیا ہے، کرپشن بد عنوانی عام ہے، پیٹرول بجلی کی مد میں اشرافیہ کو مفت دی جانے والی مراعات کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے، عوام مہنگائی، بجلی کی قیمتوں میں آئے رو ز ہونے والے اضافے، بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں کے نفاز ، بد ترین لوڈ شیڈنگ سے سخت اضطراب کا شکا رہیں، سندھ میںوڈیرے بجلی مرضی سے استعمال کر تے ہیں، بجلی چوری عام ہے اس کا بوجھ بھی عوام کے بلوں پر ڈالا جا رہا ہے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ ملک میںبجلی کی پیدائش ہے تاہم بجلی کی تقسیم کا نظام ناکام و ناقص ہے، جس کے نقصانات عوام کو اُٹھانا پڑ رہے ہیں، عوام بیدار ہو جائیں اور اپنا استحصال کرنے والے چہروں کو مسترد کر دیں، جماعت اسلامی عوام کو لاوارث نہیں چھوڑے گی، ملک و عوام کو بحران سے نکالیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سندھ سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے بھی دھرنے کے شرکاء سے ٹیلیفونک خطا ب کیا۔ انہوںنے کہاکہ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر بد ترین لوڈ شیڈنگ ، بجلی بلوں میں آئے رو ز کیے جانیوالے اضافوں کیخلاف ملک بھر میںاحتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں، ملک کو کرپٹ اشرافیہ نے جکڑا ہوا ہے، عوام ان کی بدعنوانیوں کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ بند، ظالمانہ اضافوں کو ختم کیا جائے اور سکھر شہر میں موجود تھرمل پاور اسٹیشن کو دوبارہ فعال کر کے شہرکو بجلی فراہم کی جائے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا حزب اللہ جکھرو، زبیر حفیظ شیخ نے کہا کہ واپڈا سفید ہاتھی بن چکا ہے، بدترین لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، سخت گرمی کے موسم میں بدترین لوڈشیڈنگ سے جانی مالی نقصان ہو رہا ہے، تجارتی سرگرمیاں مانند پڑ گئی ہیں، پانی کی سپلائی متاثر ہے۔