لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) میر روحل خان کھوسو کی ہدایت و احکامات پر پولیس کا کرمنلز کے خلاف کریک ڈاؤن۔ مختلف مقامات سے 8 گرفتار، ملزمان ڈکیتیوں، چوریوں، ناجائز اسلحہ، منشیات فروشی اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث و مطلوب ہیں۔ ملزمان سے اسلحہ، چرس، چوری شدہ و چھینی جانے والی 2 موٹر سائیکلیں اور قیمتی موبائل برآمد۔ تفصیلات کے مطابق نوڈیرو پولیس نے ٹگڑ لاڑو والے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہری نادر شاہانی سے چھینی جانے والی موٹر سائیکل برآمد کرکے ڈکیتی کیس میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرلیے، گرفتار ملزمان کی شناخت سراج چانڈیو اور سمیر چانڈیو کے طور پر ہوئی، ملزمان کے خلاف تھانہ ماھوٹا میں مقدمہ درج ہے۔ دوسری جانب نوڈیرو پولیس نے ملزم فیروز جتوئی کو بغیر لائسنس پسٹل اور گولیوں سمیت ملزم امیر عرف امیرو کوری کو پاؤ 250 گرام چرس سمیت گرفتار کر لیا، یونیورسٹی پولیس نے انڈسٹریل ایریا والے علاقے سے منشیات فروش ملزم تہمور تنیو کو ایک کلو سے زائد 1200 گرام چرس سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا، تعلقہ پولیس نے ملزم صدام جکھرانی کو رپیٹر اور کارتوسوں سمیت گرفتار کر کے سندھ آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا، ماہوٹا پولیس نے ملزم مشتاق جتوئی کو بغیر لائسنس پسٹل اور گولیوں سمیت گرفتار کر کے سندھ آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ دڑی پولیس نے شہری شاہنواز جتوئی کی چوری شدہ قیمتی موبائل اور شہری وزیر لہر کی چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔