کراچی میں لوڈشیڈنگ سے اموات کی تحقیقات شروع

117

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری شدید ہیٹ ویو اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تحقیقات کا آغاز کردیا اور کے-الیکٹرک کے سربراہ سے 3 دن میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔نیپرا نے کراچی میں حالیہ گرمی کی لہرکے دوران اموات کی شرح میں اضافے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا اور اس میں یہ پہلو تلاش کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ دنوں کتنے افراد شدید گرمی، حبس یا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث انتقال کر گئے ہیں یا نہیں۔یہ تحقیقات ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ کے اس بیان کی روشنی میں کی جارہی ہے جس میں انہوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ کراچی میں گرمی کے دوران انتقال کرجانے والوں کے ورثا کے مطابق اموات بجلی کی لوڈ شیڈنگ، گرمی اور حبس کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ادھرسرکاری اسپتالوں کے بیشتر ڈاکٹروں اور انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ گرمی یا ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے مرنے والوں کی وجہ موت کا تعین صرف پوسٹ مارٹم سے ہی کیا جاسکتا ہے اور گرمی میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا نے اپنے پیاروں کا پوسٹ مارٹم نہیں کرایا۔