ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا فائنل بھارت اور جنوبی افریقاکے درمیان برج ٹاون میں ہفتہ ( 29 جون ) کو کھیلا جائے گا۔جنوبی افریقا نے پہلے سیمی فائنل میں افٖغانستان کو نو وکٹ سے ہراکر پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے فائنل میں جٖگہ بنائی ہے جبکہ بھارت دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دیکر تیسری مرتبہ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
بھارت اور جنوبی افریقا کے مابین ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میںہونے والا یہ ساتواں میچ اور کل ملاکر27 واں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ ہوگا۔ بھارت نے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میںجنوبی افریقا کے خلاف جوچھ میچ کھیلے ہیں ان میں چارمیں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دومیچوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔ دونوں کے مابین جو26ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کھیلے گئے ہیں۔ اس میں بھارت کو14 میں جیت ملی ہے اور گیارہ میں اس کو شکست ہوئی ہے۔ ایک میچ بارش کی وجہ سے نامکمل رہا ہے۔
بھارت اور جنوبی افریقا کے مابین جو آخری پانچ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں سے دو میں بھارت نے جیت حاصل کی ہے۔ جنوبی افریقا نے تین میچ جیتے ہیں۔ دونوں کے درمیان جو آخری ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ14 دسمبر2023 کو جوہانسبرگ میں کھیلا گیا تھا اس میں بھارت نے106 رنز سے جیت درج کی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر201 رنز بنائے تھے۔ سوریہ کرن یادو نے82 منٹ میں56 گیندوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے پورے سو رنز بنائے تھے۔جنوبی افریقا کے کھلاڑی 13.5 اوور میں 95 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے تھے۔ ڈیوڈ ملر نے41 منٹ میں25 بالوں پر دو چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے تھے۔ کلدیپ یادو نے2.5 اوور میں 17 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا ۔ سوریہ کمار یادو کو مین آٖ ف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
بھارت کا جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور20 اوور میں تین وکٹ پر 237 رنز ہے جو اس نے گوہاٹی میں 2 اکتوبر 2022 کو ہوئے میچ میں بنایا تھا۔ اندور میں 4 اکتوبر 2022 کو کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے20 اوور میں تین ر وکٹ پر 227 رنز بنائے تھے جو اس کا بھارت کے خلاف سب سے بڑا سکور ہے۔
کٹک میں5 اکتوبر2015 کو کھیلے گئے میچ میں بھارت کے کھلاڑی17.2 اوور میں92 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے جو اس کا بھارت کے خلاف سب سے کم اسکور ہے، جنوبی افریقا کا بھارت کے خلاف سب سے کم اسکور16.5 اوور میں 87 رنز ہے جو اس نے راجکوٹ میں17 جون2022 کو بنایا تھا۔
دھرم شالہ میں2 اکتوبر2015 کو کھیلے گئے میچ میں روہت شرما نے79منٹ میں 66بالوں پر12 چوکوں اورپانچ چھکوں کی مدد سے106 رنز بنائے تھے جو بھارت کے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ جنوبی افریقا کے لیے سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا ریکارڈ ڈیوڈ ملرکے پاس ہے جنہوں نے گوہاٹی میں 2 اکتوبر 2022 کو کھیلے گئے میچ میں79 منٹ میں47 بالوں پرآٹھ چوکوں اورسات چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر106رنز بنائے تھے۔
کلدیپ یادو نے جوہانسبرگ میں14 دسمبر2023 کو کھیلے گئے میچ میں2.5 اوور میں17 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو بھارت کے لئے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ جنوبی افریقا کیلیے سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ لونگی نگیدی کے پاس ہے جنہوں نے پرتھ میں30 اکتوبر2022 کو کھیلے گئے میچ چار اوور میں29 رنز دیکر چارکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔