ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل آج بھارت اورجنوبی افریقا کے درمیان کھیلاجائیگا

212

بارباڈوس(سید وزیر علی قادری)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024کا فائنل آج بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونا ہے تاہم یہ فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔موسم کا حال بتانے والی مختلف ایپلیکیشنز نے ہفتے اور اتوار کو بارباڈوس میں بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ہفتے کو میچ ڈے کے موقع پر بارباڈوس میں علی الصبح سے شام 6بجے تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔فائنل کیلئے اتوار کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تاہم ریزرو ڈے کے روز بھی بارباڈوس میں بارش کا امکان ہے جبکہ اتوار کو صبح 11سے شام 5بجے کے درمیان بھی بارش متوقع ہے۔ورلڈکپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق فائنل میچ کے دونوں دنوں کے لیے 190منٹ کا اضافی وقت رکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کی دو ناقابل شکست ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2024کا فائنل کوالیفائی کرنے والی جنوبی افریقا اور بھارت کی ٹیمیں ایونٹ میں میں کوئی میچ نہیں ہاری ہیں۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024کے فائنل میں کامیاب ہونے کے بعد، ناقابل شکست رہتے ہوئے دوسری ناقابل شکست ٹیم کو ہرا کر ٹورنامنٹ جتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن جائے گی۔جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان مجموعی ورلڈ کپ مقابلوں میں 1979کے بعد پہلی مرتبہ دو ناقابل شکست ٹیموں کا فائنل میں مقابلہ ہوگا، 1979کے ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں فائنل سے پہلے کوئی میچ نہیں ہاری تھیں جبکہ ویسٹ انڈیز نے 1979اور 1975کا ورلڈ کپ ناقابل شکست رہتے ہوئے جیتا تھا،2003اور 2007کی ون ڈے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم آسٹریلیا بھی ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی جبکہ 1996میں سری لنکا کی ٹیم دو واک اوور سمیت پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی تھی، 2002کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل ناقابل شکست ٹیموں انڈیا اور سری لنکا کے درمیان ہوا تھا۔