تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے الیکشن جیتا لیکن ملک کی تقدیر نہیں بدل سکیں، شاہد خاقان عباسی

211

اسلام آباد:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ صرف الیکشن جیتنا کافی نہیں ہوتا، ملک کے حالات ٹھیک کرنا ہوتے ہیں،تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے الیکشن ضرور جیتا لیکن ملک کی تقدیر نہیں بدل سکیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ باتوں کو چھپانے اور دبانے سے مسائل حل نہیں ہوتے،جس کے ساتھ جو زیادتی ہوئی وہ غلط ہوا ،مسائل کو حل کرنا چاہیے،مخصوص نشستیں کسے ملنی ہیں، اس پر سپریم کورٹ نے فیصلہ کرنا ہے،اگر ایک پارٹی نے مخصوص نشستوں کی فہرست نہیں دی تو سپریم کورٹ نے اس کی تشریح کرنی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ہر مسئلے کا حل آئین ہے، جو اس سے باہر نکلے گا نقصان ہو گا،عدلیہ کا فرض ہے کہ وہ آزادانہ فیصلے دے،چین نے برادرانہ مشورہ دیا کہ ملک میں استحکام ہونا چاہیے، عدم استحکام ہو گا تو ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی،عزم استحکام جیسے آپریشن میں عوام کی حمایت ضروری ہے اگر کسی سیاسی جماعت کے تحفظات ہیں تو اسے دور کریں،حکومت کو یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لانا چاہیے تا کہ عوام کی حمایت ملے،آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک پر امریکا کا بہت اثر ہے۔