غیرقانونی بھرتیاں ، پرویز الٰہی فرد جرم کےلیے آئندہ سماعت پر طلب

232

لاہور (آن لائن) اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے ڈیوٹی جج ارشد علی بھٹہ نے مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کی، سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی عدالت پیش نہ ہوئے جبکہ محمد خان بھٹی کو حاضری کے لیے اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت وکلا کی جانب سے رہنما تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈاکٹرز نے پرویز الٰہی کو سفر کرنے سے روک رکھا ہے، پرویز الٰہی کی پسلی کا فریکچر ابھی ٹھیک نہیں ہوا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دل کی تکلیف بھی ہے۔عدالت نے پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان کو فرد جرم کے لئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔بعدازاں عدالت نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ پر سماعت 8جولائی تک ملتوی کر دی۔