ہاکی فیڈریشن کے صدر اور سیکریٹری کی بیرون ملک عیاشیاں

212

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خود ساختہ صدر طارق بگٹی، سیکریٹری رانا علی مجاہد کی عیاشیاں‘ طارق بگٹی اور رانا مجاہد نے بن بلائے مہمان بن کر بیرون ملک کا دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی اور سیکریٹری رانا علی مجاہد نے بن بلائے مہمان بن کر بیرون ملک کا دورہ کرکے ایک کروڑ روپے کا فیڈریشن کو دھچکا دے دیا۔ طارق بگٹی اور رانا مجاہد ٹیم کے ساتھ ملائیشیا گئے ‘جہاں دونوں خود ساختہ صدر، سیکریٹری بن کر ٹیم کے ساتھ ہالینڈ اور پولینڈ گئے ‘ملائیشین ہاکی فیڈریشن اور پولینڈ ہاکی فیڈریشن نے طارق بگٹی اور رانا مجاہد کو دعوت نہیں دی تھی، ذرائع کے مطابق طارق بگٹی اور رانا مجاہد نے خود کو ہاکی فیڈریشن کا صدراور سیکریٹری ظاہر کرنے کے لیے دورہ کیا۔دونوں نے دوست ممالک کے ساتھ قوم کو بھی دھوکا دینے کی کوشش کی ۔ملائیشیا اور پولینڈ نے طارق بگٹی اور رانا مجاہد کو صدر، سیکریٹری کا پروٹوکول نہیں دیا۔طارق بگٹی اور رانا مجاہد ہالینڈ کے ویزے پر پولینڈ گئے تھے۔ذرائع کے مطابق ہالینڈ کے ویزے کا انتظام قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اوٹمن رولینٹ نے کیا،جب کہ دونوں نے اپنے اخراجات غربت میں ڈوبی ہاکی فیڈریشن سے وصول کیے۔ واضح رہے کہ کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس کی مد میں 150 امریکی ڈالرتاحال ادا نہیں کییگئے‘ کھلاڑیوں کو صرف 20 ہزار روپے ڈیلی الاؤنس کی مد میں دیے گئے، ذرائع کے مطابق طارق بگٹی نے ڈیلی الاؤنس کی مد میں 500 ڈالر لیے،رانا مجاہد نے ڈیلی الاؤنس کی مد میں 450 ڈالر وصول کیے، طارق بگٹی اور رانا مجاہد 35 دن بیرون ملک سیرو تفریح کرتے رہے اور 35 دن کے 33250 ڈالر ڈیلی الاؤنس کے نام پر فیڈریشن سے وصول کیے۔پاکستانی کرنسی میں یہ رقم 92 لاکھ 43 ہزار 500 روپے بنتی ہیں۔ملائیشیا میں ہوٹل سے کھلاڑیوں کو بے دخل کرکے خور رہائش اختیار کی جب کہ ملائیشیا کا ائرٹکٹ 5 لاکھ سے زیادہ کا بنا ‘اسی طرح پولینڈ کا ایئرٹکٹ 7 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ کا بنا ۔صرف پولینڈ میں ہوٹل کا بل ہی 3 لاکھ سے زیادہ کا بنایاگیا۔