اسلام آباد(آن لائن)پاکستان نے رواں ہفتے قطر میں افغانستان پر ہونے والے مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے ،سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی اوروزارت خارجہ میں اسسٹنٹ سیکرٹری مغربی ایشیاءاحمد نسیم وڑائچ پاکستان کی نمائندگی کریں گے،آصف درانی اور احمد نسیم وڑائچ کی قیادت میں پاکستانی وفد آئندہ چند روز میں دوحہ روانہ ہو گا،اقوام متحدہ کی میزبانی میں تیسرے 2 روزہ دوحہ مذاکرات 30 جون کو شروع ہوں گے،رواں برس تیسرے دوحہ مذاکرات و کانفرنس میں افغان عبوری حکومت باقاعدہ شرکت کرے گی، افغان طالبان عبوری حکومت نے گزشتہ دوسرے دوحہ مذاکرات میں افغان خواتین و سول سوسائٹی نمائندوں کی شرکت پر بائیکاٹ کیا تھا،سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ دنیا بھر کے افغانستان پر خصوصی نمائندے دوحہ مذاکرات میں افغان طالبان کے سامنے بیٹھیں گے،اقوام متحدہ دوحہ مذاکرات سے قبل افغانستان کے اندر اور باہر اے افغان سول سوسائٹی نمائندوں سے مشاورت کرے گا ،افغان سول سوسائٹی و خواتین کے نمائندے دوحہ مذاکرات کے بعد 2 جولائی کو افغانستان پر خصوصی نمائندوں سے بات چیت کریں گے۔