بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلیے بھر پور اقدامات کیے‘ وزیراعظم

71

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نوجوان پارلیمنٹیرینز کے وفد کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، وفد میں اراکین قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور، بیرسٹر عقیل ملک، بیرسٹر دانیال چوہدری ، احمد عتیق انور، نوشین افتخار، رانا ارادت شریف خان، محمد عثمان اویسی ،عمار احمد خان لغاری ، ڈاکٹر شائستہ خان، زینب بلوچ ، سعد وسیم ،شاہد عثمان شامل تھے۔وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے، امید ہے آپ ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں، قابل طلبہ کو حکومت کی طرف سے لیپ ٹاپس فراہم کئے جائیں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے کے فروغ کے لئے تقریباً 100 ارب کے فنڈز رکھے گئے ہیں جو کہ تاریخی قدم ہے جبکہ اسکلز ڈیویلپمنٹ اور کھیلوں کے شعبے کے لئے بھی تاریخی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے اور اسکلز ڈویلپمنٹ کے لئے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں میں اصلاحات اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیحات ہیں جن سے ملکی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے کو جاری رکھے گا۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور اور ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔