اسلام آباد / راولپنڈی (آن لائن /صباح نیوز) 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے مقدمات کی تفتیش میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی تحقیقات کے دوران تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر جے آئی ٹی نے شاہ محمود کو مجرم قرار دیدیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سانحہ 9 مئی، دہشت گردی سمیت 7 مقدمات کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو قصور وار قرار دے دیا گیا ہے‘ شاہ محمود قریشی کو ان مقدمات کی تفتیش کرنے والی مشترکہ تفتیشی ٹیم (جے آئی ٹی) نے متضاد بیانات اور شواہد کی بنا پر قصوروار قرار دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 9 مئی کے واقعات پر شاہ محمود قریشی سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے، جلاؤ گھیراؤ اور پُرتشدد واقعات میں شاہ محمود قریشی کا عمل دخل ڈیجیٹل شواہد میں بھی ثابت ہوا، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق 7 مقدمات میں گناہ گار قرار دے کر چالان عدالت میں جمع کروادیا گیا ہے، جے آئی ٹی شاہ محمود قریشی کا بیان ریکارڈ کرنے 3 بار جیل گئی۔ علاوہ ازیں9 مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر اڈیالہ جیل میں فردِ جرم عاید نہ ہو سکی اور عدالت نے سماعت 15جولائی تک بغیر کارروائی کے ملتوی کردی۔9 مئی کے مقدمات کی اڈیالہ جیل میں سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی‘ اڈیالہ جیل آنے والے ملزمان کی حاضری لگائی گئی اور عدالت نے 9 مئی کی سماعت 15جولائی تک بغیر کارروائی کے ملتوی کردی۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید، زرتاج گل، راشد حفیظ، شیخ راشد شفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا بابر اعوان، انتظار پنجوتھہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ مقدمات میں نامزد خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں، کارکنوں کو بھی اڈیالہ جیل طلب کیا گیا تھا۔ اس موقع پر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکورٹی سخت اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے قریب ناکے لگا کر چیکنگ بھی کی گئی۔