کوئٹہ: بلوچستان میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی جب کہ مختلف حادثات میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، کئی مقامات پر مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے جب کہ حادثات میں کئی افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں سیلابی صورت حال سامنے آنے کے بعد فوج، ایف سی اور ریسکیو اداروں نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے اور متاثرہ مقامات سے پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اورپی ڈی ایم اے ہر گھنٹے کی صورتحال کو مانٹیرکررہی ہے جب کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان، خوراک،ادویات اور میڈیکل ٹیمیں روانہ کردی گئی ہے۔