پی ٹی  آئی کا قبائلی جرگہ:آپریشن عزمِ استحکام کیخلاف اور عمران خان کی رہائی کی قرارداد منظور

225

پشاور:پی ٹی آئی کے قبائلی جرگے میں حکومت کی جانب سے اعلان کیے گئے آپریشن عزمِ استحکام کے خلاف  قرارداد منظور کرلی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے تحت خیبر پختونخوا میں قبائلی جرگہ بلایا گیا، جس میں بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی اور حکومت کے آپریشن عزمِ استحکام کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔

پختونخوا میں منعقدہ جرگے میں مختلف قبائل کے مشران اور معززین شریک ہوئے، اس موقع پر پی ٹی آئی کی مقامی اور صوبائی قیادت بھی جرگے میں شریک ہوئے۔ حکومت کے خلاف اپوزیشن الائنس کی تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی اور دیگر مقررین نے جرگے سے خطاب کیا۔

جرگے میں مختلف قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں شرکا کی جانب سے منظور کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ جرگے میں منظور کی گئی قرارداد کو ایوان اور صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ قرارداد کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کر کے اس کی منظوری لیں گے۔

جرگے میں افغانستان کے ساتھ تجارت میں حائل رکاوٹیں اور پاک افغان سرحد پر جاری جرگوں سے بامقصد مذاکرات کی قرارداد پیش کی گئی جسے منظور کرلیا گیا۔علاوہ ازیں آپریشن عزمِ استحکام کی مخالفت کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی اور شرکا نے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے قومی اور صوبائی اسمبلی میں بحث کی جائے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔

جرگے میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت سیاسی مقدمات میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنان کی رہائی کی قرارداد بھی  منظور کی گئی۔ قدرتی وسائل میں مقامی آبادی کے حق کو تسلیم کرنے کی قرارداد بھی پیش کی گئی  جسے شرکا نے ہاتھ اٹھا کر منظور کیا۔