شاہ محمود قریشی کو جے آئی ٹی نے 7 مقدمات میں مجرم قرار دے دیا

312

اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ و رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو سانحہ 9 مئی سمیت دہشت گردی کے 7مقدمات میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے دوران تفتیش مجرم قرار دے دیا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کو جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے متضاد بیانات اور شواہد کی بناء پر مجرم قرار دے دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے  شاہ محمود قریشی سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے ، ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی جلاؤ گھیراؤ پر تشدد واقعات میں برابر کے شریک ہیں ، ان کا عمل دخل سوشل میڈیا شواہد میں ثابت ہوا ہے ۔

پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی ، ساتوں مقدمات میں گناہ گار قرار دے کر چالان عدالت میں جمع کروادیا گیا۔

پولیس ذرائع  کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی شاہ محمود قریشی کا بیان ریکارڈ کرنے تین بار جیل گئی ہے ، شاہ محمود قریشی کے  بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مجرم ہیں۔