اسلام آباد:وفاقی حکومت نے بانی تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو عنقریب رہا کرنے کا عندیہ دیا ہے، امکان ہےکہ 27 جون تک عمران خان ضمانتوں پر رہا ہو کر جیل سے باہر آجائیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی 27 جون یا جولائی کے پہلے ہفتے رہا ہو جائیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہاکہ انہیں سزائیں عدالت سے ہی ہوئی ہیں، ہم آئین و قانون کے مطابق انہیں اندر رکھیں گے، حکومت کی کوشش ہوگی کہ جتنا ممکن ہو بانی پی ٹی آئی کو اندر ہی رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے کوئی طوفان نہیں آجائے گا لیکن ملک کی بہتری ان کے اندر رہنے میں ہے، بانی پی ٹی آئی کا بیانیہ اور سیاسی ایجنڈا یہی ہے کہ ملک کو غیرمستحکم کیا جائے اور فتنہ پھیلایا جائے۔