اب کوئی آپریشن ہوا تو ملکی حالات مزید بگڑیں گے، محمود اچکزئی

69
The Constitution of Pakistan

اسلام آباد:اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کے صدر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اب اگر کوئی آپریشن ہوا تو ملکی حالات مزید بگڑ جائیں گے۔

نجی  ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کے احتجاجی الائنس ‘‘تحریک تحفظ  آئین’’ کے صدر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجابی، سندھی، پٹھان، بلوچ اپنے وطن میں آباد ہیں، 75 برس میں ہم خود کو ایک قوم نہیں بنا سکے، تاریخ کے جبر نے ہمیں اکٹھا کردیا ہے۔ اس دوران ایسے لوگ بھی آئے  جنہوں نے اس ایوان کو ڈیبیٹنگ کلب بنا دیا تھا۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کسی کو اچھا لگے یا برا،  پاکستان کی داخلی و خارجہ پالیسی اب یہاں (پارلیمان) میں بنے گی، ہمیں کالونی نہ سمجھا جائے ہم کسی کی کالونی نہیں۔ پاکستان اس وقت تاریخ کے بدترین بحرانوں سے گزر رہا ہے۔ ہم کسی قیمت پر آئین کی بے حرمتی نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا حکم ہے جھوٹ بولنے والوں پر لعنت ہے مگر یہاں کوئی سچ نہیں بولتا۔ میں نے صرف یہ گناہ کیا کہ اس بات کو تسلیم کرلیا کہ الیکشن بانی پی ٹی آئی کی پارٹی جیت چکی ہے۔فاٹا کے عوام امن کے متلاشی ہیں۔ ملک کو اس نہج پر نہ لے کر جائیں کیونکہ اگر اب آپریشن ہوا تو ملک کے حالات مزید بگڑیں گے۔