حکومت نے سکھر بیراج کے گیٹوں کی مرمت کیلئے اربوں روپے غبن کئے ،لال جروار

189

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر)عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار، عبدالقادر رانٹو اور سروان جتوئی نے اپنے مشترکہ پریس بیان میں کہا ہے کہ کرپٹ نااہل حکومت اور بیوروکریسی نے سکھر بیراج کے گیٹوں کی مرمت کے لیے مختص اربوں روپے کا غبن کیا ہے۔ جس کے نتیجے میں سکھر بیراج کے گیٹ ٹوٹ گئے۔ اس وقت جب فصلوں کو پانی کی اشد ضرورت ہے سکھر بیراج کے گیٹ کی مرمت کے نام پر آبادگاروں کا پانی روک دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے سندھ میں کربلا کا منظر ہے۔ انسان، جانور، پرندے پانی کی ایک بوند کے لیے تڑپ رہے ہیں۔ پانی کی کمی کے باعث آبادگاروں اور کاشتکاروں کو اربوں روپے کے نقصان کا خطرہ ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ جلد از جلد آبادگاروں تک پانی پہنچایا جائے تاکہ آبادگاروں اور کسانوں کو معاشی دیوالیہ پن سے بچایا جا سکے۔ بند نہریں اور شاخیں کھولے جائیں۔ کسانوں اور آبادگاروں کے زرعی قرضے معاف کرنے کا اعلان کیا جائے۔ پانی کی کمی کے باعث فصلوں کے لیے کیڑے مار ادویات پر ہونے والے اخراجات کی تلافی کی جائے۔ سکھر بیراج کے گیٹوں کی مرمت میں کرپشن کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیر آبپاشی کو تحقیقات میں شامل کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔