کراچی : پی ٹی آئی کی امن ریلی پر پولیس کا تشدد،ارکان اسمبلی سمیت متعدد رہنما گرفتار

80

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کراچی کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے کورنگی ڈیڑھ نمبر پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کراچی کے صدر راجا اظہر، جنرل سیکرٹری ارسلان خالد، سابق ایم این اے فہیم خان، پی ٹی آئی رہنما رضوان نیازی، ولی مغیری، رکن سندھ اسمبلی واجد علی ایڈووکیٹ حارث میوو، یاسر بلوچ، معظم خان، عائشہ رشید سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں و کارکنان نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا کو پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر، ارسلان خالد، ایڈووکیٹ ناصر، معظیم خان سمیت ایک درجن سے زاید رہنما زخمی ہوگئے۔ پولیس نے پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی واجد حسین، کراچی کے جنرل سیکرٹری ارسلان خالد، پی ٹی آئی سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری رضوان نیازی، حارث میوو، قدیر احمد سمیت 2 درجن سے زاید کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پر امن احتجاج کرنا ہر پاکستانی شہری کا قانونی و آئینی حق ہے‘ سندھ میں جمہوریت کے نام پر سویلین ڈکٹیٹرشپ قائم ہے‘ پولیس نے ہماری پر امن ریلی کے شرکا کو بلا جواز تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں‘ سندھ میں بلاول زرداری کی جمہوری حکومت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے پر امن احتجاج کیا جا رہا تھا عمران خان قوم کے عظیم لیڈر ہیں جن کو جھوٹے کیسز میں پابند سلاسل کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن تحریک جاری رہے گی پولیس گردی سے ہمارے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوسکے ہیں۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر نے کہا کہ ہمارا احتجاج پر امن تھا‘ پولیس نے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔