ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ‘ ویسٹ انڈیز نے امریکا کو شکست دیدی

147

بارباڈوس (نمائندہ خصوصی) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے امریکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ گروپ 2 کی ٹیمیں بارباڈوس کے شہر برج ٹاون میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے 46 ویں میچ میں مدمقابل تھیں جہاں امریکا کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 128 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ ویسٹ انڈیز کیلئے امریکا کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کے ہدف کا تعاقب بہت ہی آسان رہا جو کالی آندھی نے 10.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ میزبان کالی آندھی کی جانب سے اننگز کا آغاز شائے ہوپ اور جانسن چارلس نے کیا تاہم جارح مزاج بیٹر جانسن چارلس زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور ہرمیت سنگھ کی گیند پر ملند کمار کو کیچ دے بیٹھے۔ بعدازاں شائے ہوپ کا ساتھ دینے کیلئے نکولس پورن میدان میں آئے، ویسٹ انڈیز کے اوپنر بیٹر شائے ہوپ نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شائے ہوپ کی شاندار اننگز میں 4 چوکے اور 8 فلک شگاف چھکے شامل تھے جبکہ نکولس پورن بھی 27 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، ان کی اننگز میں ایک چوکا اور 3 چھکے شامل تھے، امریکا کی جانب سے واحد وکٹ ہرمیت سنگھ نے حاصل کی۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر امریکا کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔ امریکا نے بیٹنگ شروع کی اور پہلا کھلاڑی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گیا،ا سٹیون ٹیلر کے بعد آنے والے نتیش کمار نے انڈریس گوس کے ساتھ ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور 51 تک پہنچا دیا، ملند کمار 19، شیڈلے وین 18، کپتان آرون جونز 11، کورے اینڈرسن 7 رنز ہی بنا پائے۔