اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت ٹوپی ڈرامہ کرر ہی ہے، اس سے اپنے اتحادی نہیں سنبھالے جارہے،یہ ناجائز پارلیمنٹ ہے، حکومت اتحادی پیپلز پارٹی کو نہیں سنبھال سکتی، اس لیے بہت جلد یہ حکومت ختم ہونے والی ہے، پی پی اور ن لیگ کے ارکان نے پارلیمنٹ کو غیر موثر کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عدالت میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے اسد قیصر کی آزادی مارچ کے 4 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔ پولیس نے تمام مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں جمع کرایا۔ اسد قیصر کے وکیل نے دیگر ملزمان کی بریت کے فیصلے عدالت میں پیش کردیے۔ جس پر عدالت نے اسد قیصر کی 4 مقدمات میں ضمانت کنفرم کر دی۔