پاکستان میں سیکورٹی بہتر ہوگی تو سرمایہ کاری آئیگی،چین

259
اسلام آباد: چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیوجیان چائو سی پیک کے حوالے سے پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس کے دوران اسحاق ڈار مشترکہ پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت /خبر ایجنسیاں) چینی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور وزیر لیوجیان چاؤوڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہوگا، ترقی کے اہداف کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چین کے وفد سمیت وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ن لیگ کے وزرا، پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور رہنما بھی موجود تھے۔چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس کا انعقاد خوش آئند ہے، چینی قیادت دونوں ممالک کی دوستی کو اہمیت دیتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی جہت تک پہنچانے کی خواہاں ہے، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے ،پاکستان اور چین کی ترقی سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا، پاک چین معاہدوں سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہے، ترقی کے اہداف کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔چینی وزیر نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بنیاد عوامی حمایت کی مرہون منت ہے، میڈیا ، طلبا اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلے کے لیے تیار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور ہماری قیادت کے درمیان سی پیک کی اپ گریڈیشن پر اتفاق ہوا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لیے سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا کیوں کہ بہتر سیکورٹی کی وجہ سے ہی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی وفد اور اور وزیر کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارے اس دورے اور اجلاس میں مفید باتیں ہوئیں، چینی وفد کا دورہ باہمی اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گا۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا نیا ورژن ہے سی پیک پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی مرکزی کمیٹی کے وزیر لیو جیان چاؤ نے ملاقات کی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور ترقی و خوشحالی میں سی پیک کے مثبت کردار کو سراہا، وزیر خارجہ نے چین کے صدرکے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ منصوبے کی تعریف کی۔نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک میں سی پیک پر متفقہ سیاسی اتفاق رائے کو سراہا سی پیک کی کامیابیوں اور اس کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔لیو جیان چائو نے کہا کہ وقت کے آزمائے ہوئے دوست کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔دونوں جانب سے سی پیک کی مستحکم رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔چینی وزیر نے کہا کہ چین پاکستان میں تمام جاری اور نئے سی پیک منصوبوں کے بروقت نفاذ کے لیے پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کرے گا، چینی وزیر نے چین پاکستان دوستی کی مستقل حمایت پر پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی بھی تعریف کی اور چین کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ترجمان کے مطابق دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطح تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر رابطے کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے وزیر لیو جیان چاؤ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔